بھٹکل :7؍فروری (ایس او نیوز) سرد ی کا موسم ختم ہونے سے پہلے ہی بھٹکل تعلقہ کے حنیف آباد میں لوگ پینے کے پانی کو لے کر ابھی سے پریشان ہوگئے ہیں ۔ اطلاع کے مطابق تعلقہ کے ہیبلے گرام پنچایت حدود کے حنیف آباد علاقے میں کنوئیں سوکھتے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں عوام پینے کے پانی کے لئے ابھی سے پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال اس علاقے میں 2بورویل کھودے گئے تھے اس میں سے ایک بورویل میں پانی نہیں نکلا تو عوام کو سخت مایوسی ہوئی تھی اور پانی کی قلت کو دور کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی تھی ۔ جس کے نتیجے میں عوام نے مجبوراً بورویل اور نلوں کے پانی کی طرف رخ کیا تھا۔مگر بتایا گیا ہے کہ علاقہ میں بورویل موجود ہونے کے باوجود بورویل والے علاقہ میں ہی موجود گھروں کو کنکشن نہیں دیا گیا ہے، مگر دور دراز کے مکانوں کو اس کا کنکشن دیا گیا ہے، جس سے عوام میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔
پانی کی قلت کے متعلق پنچایت ممبر سید علی نے بتایا کہ یہ سچ ہے کہ بھٹکل کے حنیف آباد میں پینے کے پانی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے ، مگر اس کے حل کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں، ان کے مطابق 18سال پہلے بچھائے گئے پائپ خراب ہوجانے کی وجہ سے علاقے کے قریب پچاس گھروں کو پانی سپلائی کرنا ممکن نہیں ہوپارہاہے۔ اس لئے نئے پائپ جوڑنے کی کوشش جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہاں گذشتہ سال پانی کی قلت پیدا ہونے کے بعد کچھ اداروں کی جانب سے ٹینک میں پانی بھر کر گھر گھر سپلائی کیا گیا تھا جس کے لئے قریب پچاس ہزار سے زائد کا خرچہ آتا ہے، سید علی نے ایسے اداروں کے ذمہ داران سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹینکوں کے ذریعے گھر گھر پانی سپلائی کرنے کے بجائے دو بورویل علاقہ میں تعمیر کرکے دیں جس کے ذریعے علاقہ کے مکینوں کو پانی کا مستقل حل مل سکتا ہے۔ انہوں نے صاحب خیر حضرات کی بھی توجہ اس جانب دلائی کہ حضور پاک ؍ﷺ کو سب سے زیادہ پسندیدہ صدقہ پانی کا صدقہ ہے جس میں کنواں یا بورویل کا کھدوانا بھی شامل ہے۔
ہیبلے گرام پنچایت کے ترقیاتی افسر جینتی نائک نے بتایا کہ ہیبلے پنچایت میں حنیف آباد کا وارڈ بہت وسیع ہے ، کچھ مقامات پر پانی کا مسئلہ ہے، فی الحال سب کچھ بورویل پر منحصر ہے ، ان کے مطابق مئی کے آخر میں عام طور پر پانی کا مسئلہ پیدا ہوتاہے ، مگر وقت سے پہلے پانی کا مسئلہ درپیش ہونے پر انہوں نے اس تعلق سے تحصیلدار کو توجہ دلا کر مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔